• مومنو! پڑھتے رہو درود
  • صَلّی اللّٰہُ عَلٰی حَبِیبِہ مُحَمَّدٍ وَّآلِہ وَسَلَّمَ

سوال و جواب

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں، کہ آج کل ایک نعرہ لگایا جاتا ہے: ”ہر صحابیء نبی جنتی جنتی“حالانکہ ایک جنگ کے موقع پر جب رسول اللہ ﷺ کو ایک شخص کی شہادت کی خبر دی گئی، تو آپ نے فرمایا: ”الی النار“یعنی وہ تو دوزخی ہے۔سوال یہ ہے کہ جب اس طر ح کی حدیث پاک موجود ہے، تو پھر یہ نعرہ: ”ہر صحابی نبی جنتی جنتی“ لگانا کیسے درست ہے؟

صحابہء کرام علیہم الرضوان کی شان و عظمت بہت زیادہ ہے اور ان کے فضائل سے قرآن و حدیث مالامال ہیں۔ کئی آیات مبارکہ اور احادیث مبارکہ سے اُن کا جنتی ہونا ثابت ہے، لہٰذا یہ نعرہ لگانا”ہر صحابی نبی جنتی جنتی“ بالکل درست اورقرآن و حدیث کے عین مطابق ہے۔سوال میں جس شخص کا تذکرہ کیاگیا ہے،یہ ایک منافق اعتقادی تھا، جو مسلمان بن کر چھپا ہوا تھا،جس کے نفاق کو ظاہر کرتے ہوئے اس موقع پر رسول اکرم ﷺ  نے اس کے لیے وعید بیان کرتے ہوئے اس کے انجام کو بیان فرمایا۔
   اللہ عزوجل صحابہ کرام علیہم الرضوان کی شان بیان کرتے ہوئے قرآن مجید میں فرماتا ہے:ترجمہ:”تم میں برابر نہیں وہ جنہوں نے فتح مکہ سے قبل خرچ اور جہاد کیا۔ وہ مرتبہ میں ان سے بڑے ہیں جنہوں نے بعد فتح کے خرچ اور جہاد کیا اور ان سب سے اللہ جنت کا وعدہ فرماچکااوراللہ کو تمہارے کاموں کی خبر ہے۔“ (پارہ27، سورہ حدید، آیت10)
   اس آیتِ کریمہ کے تحت امام اہلسنت امام الہدی امام ابو منصور ماتریدی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ارشاد فرماتے ہیں:”ای وعد اللہ لکلا الفریقین من انفق قبل الفتح وبعدہ الجنۃ والثواب الحسن“ یعنی اللہ تعالیٰ  نے صحابہ کرام علیہم الرضوان کے دونوں گروہوں یعنی جنہوں نے فتح مکہ سے قبل اور بعد خرچ کیا، ان سے جنت اور اچھے ثواب کا وعدہ فرمایا ہے۔ (تفسیر ماتریدی، جلد9، صفحہ519، دار الکتب العلمیۃ،بیروت)
   اس آیتِ کریمہ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے تفسیر سمرقندی میں ہے: ”معناہ وعد اللہ کلا الحسنی یعنی الجنۃ“ یعنی آیت کریمہ کا معنی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان تمام سے جنت کا وعدہ فرمایا ہے۔(تفسیر سمرقندی، جلد3، صفحہ382،دار الفکر،  بیروت)
   اس آیتِ کریمہ کے تحت تفسیر ارشاد العقل السلیم میں ہے: ”ای المثوبۃ الحسنی وھی الجنۃ“ یعنی (اللہ عزوجل نے صحابہ کرام علیہم الرضوان کے ساتھ)اچھے ثواب یعنی جنت کا وعدہ فرمایا ہے۔(ارشاد العقل السلیم، جلد5، صفحہ274، ریاض)
   اس آیت کریمہ کے تحت تفسیر کبیر میں ہے: ”وفیہ مسائل: المسئلہ الاولیٰ: ای وکل واحد من الفریقین وعداللہ الحسنی ای المثوبۃ الحسنی وھی الجنۃ مع تفاوت الدرجات“ یعنی اس آیت کریمہ میں کئی مسائل بیان ہوئے ہیں۔ ان میں سے پہلا مسئلہ یہ ہے کہ صحابہ کرام علیہم الرضوان کے دونوں گروہوں کے ساتھ اللہ عزوجل نے عمدہ اجر یعنی جنت کا وعدہ فرمایا ہے ہاں درجات ضرور مختلف ہوں گے۔(تفسیر کبیر، جلد29، صفحہ220، بیروت)
   یہی آیت کریمہ لکھنے کے بعد صدر الشریعہ بدرالطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ارشاد فرماتے ہیں: ”تو جب اس نے ان کے تمام اعمال جان کر حکم فرما دیا کہ ان سب سے ہم جنت بے عذاب وکرامت و ثواب کا وعدہ فرما چکے، تو دوسرے کو کیا حق رہا کہ ان کی کسی بات پر طعن کرے۔“(بھار شریعت، جلد1، حصہ1، صفحہ 255، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
   بہار شریعت میں ہے: ”تمام صحابہ کر ام اعلیٰ و ادنی (اور ان میں ادنی کوئی نہیں) سب جنتی ہیں۔ وہ جہنم کی بھنک نہ سنیں گیاور ہمیشہ اپنی من مانتی مرادوں میں رہیں گے، محشر کی وہ بڑی گھبراہٹ انہیں غمگین نہ کرے گی، فرشتے ان کا استقبال کریں گے کہ یہ ہے وہ دن جس کا تم سے وعدہ تھا۔یہ سب مضمون قرآن عظیم کا ارشاد ہے۔“(بہار شریعت، جلد1، حصہ1، صفحہ254، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
   صحابہ کرام علیہم الرضوان کے فضائل میں بے شمار احادیث مبارکہ بھی موجود ہیں۔    چنانچہ ترمذی شریف میں ہے کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں، میں نے رسول اکرم ﷺ سے سُنا کہ جس مسلمان نے مجھے دیکھا، اس کو آگ نہیں چھوئے گی۔(سنن الترمذی،جلد2، صفحہ705، حدیث3826، لاھور)
   اس حدیث پاک کے تحت فیض القدیر میں ہے: ”(لا تمس النار) ای نار جھنم“ یعنی آگ کے نہ چھونے سے مراد یہ ہے کہ انہیں جہنم کی آگ نہیں چھوئے گی۔(فیض القدیر، جلد6، صفحہ547، تحت الحدیث9867، بیروت)
   اس حدیث پاک کے تحت مراۃ المناجیح میں ہے: ”یعنی جس نے بحالت ِ ایمان مجھے دیکھا اور ایمان پر ہی اُس کا خاتمہ ہوا،وہ دوزخ سے محفوظ رہے گا۔۔ خیال رہے کہ سارے صحابہ جنتی ہیں،مگر عشرہ مبشرہ وہی ہیں، جنہیں ایک حدیث نے جمع فرمایا، ورنہ سارے صحابہ جنتی ہیں۔“(مراۃ المناجیح، جلد8، صفحہ287، مطبوعہ لاہور)
   رہی بات اس حدیث ِ پاک کی جس کے متعلق سوال کیا گیاہے، تو بلاشبہ اس طرح کی حدیث پاک موجود ہے،جس میں ایک شخص کے انتقال کے وقت رسول اللہ ﷺ  نے ارشاد فرمایا: ”الی النار“ یعنی وہ تو دوزخی ہے۔ اس حدیث پاک کی شرح بیان کرتے ہوئے محدثین کرام نے بیان فرمایا کہ جس شخص کے متعلق رسول اللہ ﷺ  نے دوزخی ہونے کا فرمایا، وہ صحابی نہیں، بلکہ منافق تھا۔
بخاری شریف میں ہے: ”حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں: ہم غزوۂ خیبر کے موقع پر رسول اللہﷺ کی بارگاہ اقدس میں حاضر تھے،تو آپ نے ایک شخص کے متعلق جو اسلام کا دعویٰ کرتا تھا، فرمایا کہ یہ دوزخی ہے۔ پھر جب لڑائی شروع ہوئی، تو اس شخص نے بہت زور و شور سے جنگ کی۔ اس دوران اسے زخم پہنچا، تو رسول اللہ ﷺ  کی بارگاہِ اقدس میں عرض کیا گیا کہ جس شخص کے دوزخی ہونے کا فرمایا تھا، اس نے تو آج بہت شدید قسم کی لڑائی کی یہاں تک کہ وہ مر گیا۔رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ وہ دوزخی ہے۔قریب تھا کہ بعض لوگ یہ سن کر شک میں پڑ جاتے کہ بتایا گیا وہ نہیں مرا، بلکہ اسے سخت زخم پہنچے تھے، جب رات ہوئی، تو وہ صبر نہ کر سکا اور اپنے آپ کو قتل کر دیا۔ اس کی خبر نبی پاک ﷺکو دی گئی تو آپ نے فرمایا: اللہ اکبر! میں گواہی دیتا ہوں کہ میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں، پھر حضرت بلال کو حکم دیا کہ وہ لوگوں میں اعلان کر دیں کہ جنت میں صرف مسلمان ہی داخل ہوں گے اور اللہ عزوجل اپنے اس دین کی مدد کسی فاجر شخص سے بھی کروا لیتا ہے۔(الصحیح للبخاری، صفحہ413، حدیث3062، مطبوعہ ریاض)
   اس حدیث پاک کے تحت عمدۃ القاری میں ہے: ”اسمہ قزمان وھو معدود فی المنافقین“ یعنی اس شخص کا نام قزمان تھا اور اس کا شمار منافقین میں ہوتا تھا۔(عمدۃ القاری، جلد14، تحت الحدیث2898، صفحہ253، بیروت)
   اس حدیث پاک کے تحت عمدۃ القاری میں ہے: ”قولہ الا نفس مسلمۃ یدل علی ان الرجل قد ارتاب وشک حین اصابتہ الجراحۃ“ یعنی حدیث پاک کے یہ الفاظ ”جنت میں صرف مومن ہی داخل ہوگا“اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ جب اس شخص کو زخم پہنچا تھا، تو یہ رسول اللہ ﷺ کے متعلق شک و شبہ میں مبتلا ہوگیا تھا۔(عمدۃ القاری، جلد14، صفحہ426، بیروت)
   اس حدیث ِ پاک کے تحت ارشاد الساری میں ہے: ”اسمہ قزمان الظفری وھو معدود فی جملۃ المنافقین“ یعنی اس شخص کا نام قزمان ظفری تھا اور وہ منافقین کے گروہ میں شامل تھا۔(ارشاد الساری، جلد5، صفحہ176، مصر)
   اسی طرح کی حدیث پاک کے تحت ارشاد الساری میں مزید ایک مقام پر ہے: ”لنفاقہ باطنا“ یعنی رسول اللہ ﷺ نے اس کے باطنی طور پر منافق ہونے کی وجہ سے دوزخی فرمایا تھا۔ (ارشاد الساری، جلد6، صفحہ362، مصر)
   اس حدیث ِپاک کے تحت شرح الزرقانی میں ہے: ”قال المھلب ھذا الرجل ممن اعلمنا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم انہ نفذ علیہ الوعید من النفاق“ یعنی مہلب کہتے ہیں: یہ شخص ان لوگوں میں سے تھا جن کے متعلق رسول پاک ﷺ نے ہمیں بتا دیا کہ ان کے نفاق کی وجہ سے ان پر یہ وعید نافذ ہوگئی۔(شرح الزرقانی علی المواھب اللدنیۃ، جلد3، صفحہ262، بیروت)
   اس حدیث پاک کے تحت نزہۃ القاری میں ہے: ”ابتدا میں جو فرمایا: ”لرجل یدعی الاسلام“اور اخیر میں جو منادی کرائی گئی، اس سے بظاہر یہ متبادر ہوتا ہے کہ یہ حقیقت میں مسلمان نہ تھا۔(اس کے بعد مفتی صاحب علیہ الرحمۃ نے ثابت کیا کہ لفظ فاجر، کافر کے لیے بھی بولا جاتا ہے، لہذا)اس حدیث میں بھی فاجر سے اگر کافر مراد لیاجائے، تو کوئی استبعاد یعنی امکان سے خارج نہیں۔“(ملتقط از نزھۃ القاری، جلد4، صفحہ173، فرید بک سٹال، لاہور)  اس حدیث پاک کے تحت تفہیم البخاری میں ہے: ”سید عالم ﷺ کا ارشاد کہ”جنت میں مسلمان ہی داخل ہوں گے“سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ جوان مرد جب شدید زخمی ہوگیا تھا، تو اس نے آپ ﷺ کے صدق میں شک کرلیا تھا اور سید عالم ﷺ اس کے باطنی کفر کو جانتے تھے۔“(تفہیم البخاری، جلد4، صفحہ442، مطبوعہ فیصل آباد)