• مومنو! پڑھتے رہو درود
  • صَلّی اللّٰہُ عَلٰی حَبِیبِہ مُحَمَّدٍ وَّآلِہ وَسَلَّمَ

تعارف

بارانِ رحمت کا تعارف

شئیر کریں


تاریخ آغاز ویب سائٹ 22-11-11

 

پیغمبر ِ اسلام، تاجدارِ ختم ِ نبوت، جناب رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم پر درود و سلام بھیجنا،اِس جہانِ رنگ و بو میں مسلمانوں کے لیے سب سے عظیم سبق، وظیفہ اور عمل ہے۔میں نے بچپن سے ہی اپنے والدین،دادا، دادی اور بزرگوں کو باقاعدگی کے ساتھ درود شریف پڑھتے ہوئے دیکھا ہے۔ پھر خود بھی دیکھا کہ درود شریف ایک مکمل نظام ِ محبت ہے۔ آپ کو ایک کمال کی بات بتاتا ہوں۔ اِس دنیا میں ہمارے عزیز از جان رشتے بھی ہم سے ایک خلوص مانگتے ہیں۔ ذرا سا شک پڑے کہ خلوص کم ہے اور محبت یا وابستگی میں دکھاوا پایا جاتا ہے تو ہم پر جان چھڑکنے والے بھی بدظن ہو جاتے ہیں۔ لیکن دوسری طرف درود شریف کے معاملے میں فقہاء اور علماء نے لکھا کہ اگر دکھاوے اور ریاکاری کے ساتھ بھی پڑھا جائے تب بھی پورا ثواب ملتا ہے۔ ہے ناں کمال کی بات!

 

بہرحال درود شریف کے ساتھ میری محبت بچپن سے قائم ہے اور ان شاء اللہ حشر تک قائم و دائم رہے گی۔ اِس محبت کے ماتحت میں نے جتنا ممکن ہوا، درود شریف کے موضوع پر لکھا ہے مگر تشنگی برقرار رہی۔ گذشتہ سال میری اہلیہ فاطمہ نے درود شریف کو ایک مشن بنا لیا اور باقاعدہ طور پر لوگوں کو درود شریف پڑھنے کی دعوت دینے کا سلسلہ شروع کیا تو جیسے میرے جذبوں کو بھی تحریک مل گئی۔ چنانچہ ”بارانِ رحمت“ ویب سائٹ، کتاب، تحریک اور سلسلے کی بنیاد میں اُسی تحریک کا بنیادی کردار ہے۔

 

میری ہر ایک مسلمان اور مومن سے عاجزانہ التماس ہے کہ درود شریف پڑھنے کو اپنے معمول میں شامل کریں۔ چاہے جیسے بھی ہو مگر درود شریف کی کم از کم تعداد کو ہر صورت پورا کریں۔ ”بارانِ رحمت“ کے سلسلے کے مزید آگے بڑھانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں تاکہ اللہ کریم کی رحمتیں ہم سب پر برستی رہیں۔ آباد رہیں، شاد رہیں۔ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کیا کریں۔ دنیا یوم ِ چند۔ آخر کار باخداوند

 

والسلام الی یوم القیام

ثناء اللہ طیّبی مجددی نقشبندی

خادم طالبینِ بارانِ رحمت