• مومنو! پڑھتے رہو درود
  • صَلّی اللّٰہُ عَلٰی حَبِیبِہ مُحَمَّدٍ وَّآلِہ وَسَلَّمَ

درودِخضری

درود شریف خضری

شئیر کریں


درود شریف خضری الفاظ کے لحاظ سے مختصر ہے مگر معنی کے لحاظ سے جامع ہے۔

درود شریف خضری کے فوائد بے پناہ ہیں۔

سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس درودشریف خضری کو پڑھنے والا حضورنبی کریم ﷺ کا غلام بن جاتا ہے اور دین و دنیا میں اسے کسی چیز کی کمی نہیں رہتی اور وہ سکون کی دولت سے مالا مال ہوجاتا ہے۔

درود شریف خضری کے پڑھنے والے کیلئے مال و دولت کی تنگی ختم کردی جاتی ہے اور خزانہ غیب سے اس کی مدد کی جاتی ہے۔

درود شریف خضری ایک ایسا درود پاک ہے جس کے پڑھنے سے نہ صرف روضہء رسول ﷺ پر حاضری نصیب ہوتی ہے بلکہ محبت رسول ﷺ میں اضافہ ہوتا ہے اور دین کی اصل مراد اس میں پائی جاتی ہے۔ فی الحقیقت درود شریف خضری ایک بڑی نعمت ہے۔

درود شریف خضری جناب حضرت خضر علیہ السلام کی طرف سے امت محمدیہ کوایک تحفہ ملا ہے اور اولیائے کرام کا خاص وظیفہ ہے۔ جو شخص اس درود شریف پر کثرت سے عمل کرے گا اسے کعبۃ اللہ اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت نصیب ہوگی۔

سمرقند بخارہ کے ایک صاحب جن کی کنیت ابوالمظفر ہے، ایک مرتبہ کہیں سفر میں جارہے تھے کہ راستہ بھٹک گئے۔ بہت پریشانی اور شش و پنج میں پڑگئے۔ اتنے میں سامنے سے ایک شخص نے آواز دے کر بلوایا۔ راستہ بھولنے والے نے دل میں سوچا کہ یہ غالباً حضرت خضرعلیہ السلام ہوں گے۔ چنانچہ جب قریب پہنچے تو سلام کیا اور ساتھ ہی ان کا نام پوچھا کہ آپ کا کیا نام ہے؟ بلانے والے شخص نے اپنا نام حضرت خضرعلیہ السلام بتایا اور ان کے ہمراہ ایک ساتھی بھی تھے، ان کا نام الیاس علیہ السلام بتایا اور تینوں ایک سواری پر سوار ہوکر روانہ ہوگئے۔

اس مسافر شخص نے حضرت خضر علیہ السلام سے دریافت کیا کہ آپ نے حضور انور ﷺ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ تو حضرت خضر علیہ السلام نے جواب دیا کہ ہاں۔ پھر دوسری بات پوچھی کہ حضور انور ﷺ کے ارشادات یاد ہیں؟ انہوں نے فرمایا کہ ہاں۔ پھر کہا کہ آپ علیہ السلام کے پاس کوئی خاص بات حضور اقدس ﷺ کی یاد ہو تو بتلائیں کہ میں صحیح روایت بیان کرسکوں۔ یعنی میں نے یہ بات جناب حضرت خضر علیہ السلام سے سنی اور حضرت خضر علیہ السلام نے حضور ﷺ سے اس طرح سنا۔ حضرت خضرعلیہ السلام نے فرمایا کہ میں آپ ﷺ کی مجلس میں بیٹھا ہوا تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو انسان دل کا کھوٹ‘ دل کا کینہ‘ دل کا میل‘ غصہ‘ حسد‘ بغض اور اخلاق رذیلہ دور کرنا چاہے تو وہ اس طرح درود شریف پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس درود شریف کی برکت سے اس کے سارے اخلاق رذیلہ دور فرمادیں گے۔ وہ درود پاک یہ ہے جس کو درود شریف خضری بھی کہا جاتا ہے۔

صَلَّی اللہُ عَلٰی حَبِیْبِہٖ مُحَمَّدٍ وَّآلِہٖ وَسَلَّمْ

٭ درود شریف خضری حضرت امام ربانی مجدد الف ثانی، شیخ احمد سرہندی رحمۃ اللہ علیہ کا فرمودہ درود شریف بھی ہے اور جو منبع فیوض و برکات ہے اور یہ تمام درود شریف میں اسم اعظم کا درجہ رکھتا ہے۔ بارگاہ رسالت ﷺ کا منتخب شدہ اور پسندیدہ ہے۔ قرب مصطفوی ﷺ اس درود شریف کے قاری کے نصیب میں لکھ دیا جاتا ہے۔ اولیائے نقشبند کا مجاہدہ اور وظیفہ یہی درود شریف ہے جس سے پہلے ہی روز قرب محمدی ﷺ سے نواز دیا جاتا ہے۔ یہ درود شریف پڑھنے والے کی تربیت روح اقدس جناب نبی مکرم ﷺ سے ہوتی ہے یا وہ حضرت خضرعلیہ السلام کی زیرتربیت دے دیا جاتا ہے۔ بدیں وجہ یہ درود خضری کے نام سے بھی موسوم کیا جاتا ہے۔

حضرت خضر علیہ السلام نے صاحب درودوسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے درود شریف خضری کی اجازت چاہی ، مانگی اور پا لی۔

٭ حضرت میاں شیر محمد نقشبندی مجددی شرقپوری رحمۃ اللہ علیہ کا اس درود شریف سے وابستگی کا یہ عالم تھا کہ روزانہ پانچ ہزار مرتبہ درود شریف پڑھتے اور پڑھاتے تھے۔ درود شریف خضری پڑھنے والوں کو محبت اور خوشی سے فرشتہ کہتے۔ فرشتے بھی درودشریف کے جھڑے ہوئے نوری پھول ہیں۔

٭ حضرت پیر سید محمد اسماعیل شاہ بخاری ، حضرت صاحب کرماں والے رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ تہجد کی بارہ رکعت پڑھنی چاہیے۔ پہلی رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد پانچ بار اور دوسری رکعت میں سورۃ فاتحہ کے بعد تین بار سورۂ اخلاص پڑھے اور نماز تہجد کے بعد پانچ سو مرتبہ درود خضری پڑھے۔

یہ درود شریف دو زانو بیٹھ کر پڑھنا رب کریم کو بہت پسند ہے اور تہجد ہی دعائے سحر گاہی ہے۔ سبحان اللہ۔

٭ درود شریف خضری کو اگر روزانہ بعد نماز فجر ایک بار پڑھ کر پانی پر دم کرکے تمام بچوں کو نہار منہ پلادیا جائے تو بچے فرماں بردار اور نیک ہوجائیں گے اور والدین کا حکم مانیں گے۔ ان شاء اللہ۔

٭ حضرت شیخ احمد عبدالجواد رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب ’’صلوٰۃ المحبین علیٰ حبیب رب العالمین‘‘ میں فرماتے ہیں کہ میں نے خواب میں نبی کریم ﷺ کی زبان مبارک سے درود شریف خضری سنا ہے۔